اسٹیٹ بینک سے بیرون ملک رقوم کی منتقلی کی تفصیلات ایک ہفتے میں طلب | پاکستان

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس اور اثاثوں کے کیس میں اسٹیٹ بینک سے بیرون ملک منتقل رقوم کی تفصیلات ایک ہفتے میں طلب کرلیں۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤئنٹس اور اثاثوں پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

پہلے یہ معلوم ہونا چاہیےکب کتنا پیسہ بیرون ملک منتقل ہوا: چیف جسٹس

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بہت سے افراد کے اثاثے اور اکاؤنٹس ملک سے باہر ہیں، اثاثوں کے ساتھ کیا کرنا ہے یہ بعد کی بات ہے، پہلے یہ معلوم ہونا چاہیےکب کتنا پیسہ بیرون ملک منتقل ہوا۔

اس موقع پر عدالت کی قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور کمیٹی کے سربراہ گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے بتایا کہ عدالت نے موجودہ قوانین کا جائزہ لینےکا کہا تھا، عدالت نے پوچھا تھا کہ پیسہ کیسے واپس لایا جاسکتاہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اصل مقصد باہر گیا ہوا پیسہ تلاش کرنا ہے، دیکھنا یہ تھا کہ رقم کس نے اور کیسے باہر منتقل کی، کس کے کتنے اثاثے اور اکاؤئنٹس کس ملک میں ہیں، سوئٹزرلینڈ میں کتنے پاکستانیوں کے اکاؤنٹس ہیں،کتنے پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں۔

چیف جسٹس نے گورنر اسٹیٹ بینک سے استفسار کیا کہ کیا ہم انتظار کریں کہ حکومت پہلے مختلف ممالک سے معاہدے کرے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ معاہدے کے علاوہ کسی ملک سے معلومات نہیں مل سکتی، ٹیکس دہندگان اپنے دنیا بھر کے اثاثے ظاہر کرنے کے پابند ہیں۔

جب چاہو پیسہ باہر منتقل کردو کوئی پوچھنے والا نہیں: جسٹس ثاقب نثار

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی اثاثے چھپائے تو حکومت بلکل مفلوج ہے، حکومت نے خود پیسہ باہر لے جانےکی پالیسیاں بنائیں، جب چاہو پیسہ باہر منتقل کردو،کوئی پوچھنے والا نہیں۔

سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک سے بیرون ملک منتقل رقوم کی تفصیلات ایک ہفتےمیں طلب کرلیں۔

عدالت نے حکم دیاکہ ایک سال میں 50 ہزار ڈالر سے اوپر فارن ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ دیا جائے اور تفصیلات سربمہر لفافے میں پیش کی جائیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

Source link

The post اسٹیٹ بینک سے بیرون ملک رقوم کی منتقلی کی تفصیلات ایک ہفتے میں طلب | پاکستان appeared first on Savera.pk.



Source link

اپنا تبصرہ بھیجیں