لاہور: شہبازشریف کی قیادت میں ریلی ائیرپورٹ روانہ، سیکیورٹی سخت، موبائل سروس معطل | پاکستان

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری لاہور ایئر پورٹ پر موجود، نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر بھی سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات. فوٹو: اے ایف پی

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے استقبال کے لیے شہبازشریف کی ریلی سمیت دیگر قافلے ائیرپورٹ روانہ ہوگئے جب کہ اس موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں اور جگہ جگہ سڑکیں بند ہیں۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد آج شام لاہور آمد متوقع ہے اور لاہور سمیت دیگر شہروں سے ان کے استقبال کے لیے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں۔

شہبازشریف کی قیادت میں ریلی لوہاری گیٹ سے ائیرپورٹ روانہ ہوگئی، مسلم لیگ (ن) کے صدر اپنی گاڑی میں سوار ہیں جب کہ ریلی میں 2 کنٹینر شہبازشریف کی گاڑی سے آگے چل رہے ہیں۔

کنٹینر پر پرویز رشید، مریم اورنگ زیب، بلال یاسین اور طلال چوہدری سوار ہیں جب کہ اسپیکر پنجاب رانا محمد اقبال  اور انتخابی امیدوار بھی ریلی میں شریک ہیں۔

سخت سیکیورٹی انتظامات

لاہور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت مال روڈ سمیت بیشتر مقامات کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا جب کہ پولیس کی جانب سے (ن) لیگ کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری لاہور ایئر پورٹ پہنچ گئی جب کہ بتی چوک سے رنگ روڈ تک پولیس تعینات ہے اور راوی ٹول پلازہ پر قیدیوں کو لے جانے والی پولیس وین بھی پہنچا دی گئی۔

ریلیاں روکنے کیلئے راستے بلاک

کلر کہار کے مقام پر مسلم لیگ (ن) کے قافلے کو روکنے پر کارکنان نے احتجاج کیا اور موٹرو ےبلاک کردیا جب کہ گوجرانوالہ میں خرم دستگیر کے قافلے کو چندہ قلعہ بائے پاس پر روکا گیا تاہم بعدازاں انہیں آگے جانے دیا اور قافلے میں شامل دیگر گاڑیوں کو کامونکی ٹول پلازہ پر روک لیا گیا۔

رہنما (ن) لیگ سردار مہتاب احمد خان کی قیادت میں پشاور سے قافلہ لاہور کے لیے روانہ ہوگیا جہاں ایک مقام پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھ اکہ سزا بھگتنے کے لیے واپس آنے سے نواز شریف سیاسی تاریخ میں نئی روایت ڈال رہے ہیں۔ 

موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل

نگراں صوبائی حکومت نے سہہ پہر 3 سے رات 11 بجے تک موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد شہر کے مختلف علاقں میں موبائل فون کے ساتھ انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے۔ 

ٹریفک پلان تیار

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ ٹریفک پلان پر ریلی سے قبل عمل درآمد کیا جائے گا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 200 سے زائد وارڈنز فرائض انجام دیں گے۔

سی ٹی او کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کو ایئر پورٹ تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس فراہم کی جائے گی اور ایئرپورٹ تک صرف فضائی مسافروں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

شہر میں میٹرو بس سروس بند

میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال کے باعث بس سروس دن بھر بند رہے گی۔

فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

دوسری جانب راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی آفس سکستھ روڈ پر پولیس تعینات کرتے ہوئے قیدیوں کی وین بھی پہنچا دی گئی۔ 

اسلام آباد ائیرپورٹ پر بھی سیکیورٹی سخت

اسی طرح نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں،کارگو اور ایئر لائن کے دفاتر بند کرتے ہوئے اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

پشاور میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن اور رہنما موٹر وے ٹول پلازہ پر جمع ہونا شروع ہوگئے، (ن) لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام ریلی کی قیادت کرتے ہوئے لاہور روانہ ہوں گے۔ 

Source link

The post لاہور: شہبازشریف کی قیادت میں ریلی ائیرپورٹ روانہ، سیکیورٹی سخت، موبائل سروس معطل | پاکستان appeared first on Savera.pk.



Source link

اپنا تبصرہ بھیجیں