ڈیرہ غازی خان: موٹرسائیکل پر طویل مسافت طے کرکے اسکول آنے والی خاتون ٹیچر | پاکستان

33 سالہ ماہ جبین روزانہ 27 کلومیٹر دور موٹر سایئکل چلا کر اسکول جاتی ہیں—۔فوٹو/ جیو نیوز

ڈیرہ غازی خان: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کے قدامت پسند ماحول میں ایک بہادر خاتون ٹیچر گھر سے 27 کلومیٹر دور موٹر سائیکل چلاکر اسکول جاتی ہیں، جہاں وہ قبائلی بچوں کو تعلیم دیتی ہیں۔

33 سالہ ماہ جبین بی بی ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ کی بستی سوکڑ کی رہائشی ہیں۔

انہوں نے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے ایم  اے پولیٹیکل سائنس اور ایم ایڈ بھی کر رکھا ہے۔

ایک ایسے معاشرے میں جہاں پر خواتین کا گھروں سے نکلنا معیوب سمجھا جاتا ہے، ماہ جبین اپنے گھر سے روزانہ موٹرسائیکل پر 27 کلومیٹر کی مسافت طے کرکے کوہ سلیمان کے دامن میں قبائلی بچوں کو تعلیم دینے اسکول جاتی ہیں۔

کوہ سلیمان کے دامن میں واقع بستی کلیری کا بوائز پرائمری اسکول قبائلی اور انتظامی علاقے کی سرحد پر ہے، بستی کلیری وہی علاقہ ہے جہاں کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کئی دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ماہ جبین کے گھر سے اسکول تک کا راستہ کچا ہے، جو سنسان اور ویرانے سے ہوکر گزرتا ہے، لیکن یہ خوف زدہ کردینے والے راستے اور ماحول بھی اس بہاد خاتون ٹیچر کو اپنے فرض سے دور نہ کرسکے۔

ماہ جبین کے آنے سے علاقے کی بچیاں بھی تعلیم حاصل کرنے آنے لگی ہیں—۔ جیو نیوز اسکرین گریب

طلبہ بھی اپنی اس فرض شناس ٹیچر کے گن گاتے نہیں تھکتے اور ان کا کہنا ہے کہ بارش ہو، گرمی ہو یا سردی، ان کی استاد اسکول ضرور آتی ہیں۔

ایک طالبعلم نے مزید کہا کہ ‘کبھی کبھی ہم اسکول نہیں آتے لیکن میڈم روز آتی ہیں’۔

تونسہ اور قبائلی علاقے کی سرحدی پٹی پر واقع بوائز پرائمری اسکول میں ماہ جبین 6 سال سے تعینات ہیں۔

اس اسکول میں دو اور مرد ٹیچر بھی ہیں، لیکن فیمیل ٹیچر صرف ماہ جبین ہیں۔

ان کے آنے سے علاقے کی بچیاں بھی تعلیم حاصل کرنے آنے لگی ہیں جبکہ اس سے قبل گرلز اسکول نہ ہونے سے بچیوں کے لیے تعلیم کے دروازے بند تھے۔

ماہ جبین کا کہنا ہے کہ وہ اس تنگ نظر ماحول میں مسلسل 6 سال سے باپردہ موٹر سائیکل چلا کر اسکول جارہی ہیں لیکن اب وہ قریبی اسکول میں تعیناتی کی خواہش رکھتی ہیں تاکہ گھر اور بچوں کو زیادہ وقت دے سکیں۔

Source link

The post ڈیرہ غازی خان: موٹرسائیکل پر طویل مسافت طے کرکے اسکول آنے والی خاتون ٹیچر | پاکستان appeared first on Savera.pk.



Source link

اپنا تبصرہ بھیجیں